رہنمائی سب کے لیے, ابتدائی, ترجمہ

اردو میں مصنوعی ذہانت کا استعمال: لکھنا، پڑھنا اور جانچنا

چیٹ بوٹ سے اردو یا رومن اردو میں سوال کیسے پوچھیں، آسان اردو میں جواب کیسے لیں اور اردو میں مصنوعی ذہانت کی عام غلطیاں کیسے پہچانیں۔

آخری نظرثانی: . نظرثانی کنندہ: Muhammad Asadullah.

انگریزی جاننا ضروری نہیں

بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے ٹولز صرف انگریزی میں کام کرتے ہیں۔ زیادہ تر مقبول چیٹ بوٹ (Chatbot) اب اردو پڑھ اور لکھ سکتے ہیں۔ ان کی اردو اکثر کام چلانے کے لیے کافی اچھی ہوتی ہے، مگر مکمل درست نہیں۔ یہ رہنمائی بتاتی ہے کہ اس سے بہترین فائدہ کیسے اٹھائیں اور کن باتوں کا خیال رکھیں۔

سوال لکھنے کے تین طریقے

  1. اردو رسم الخط۔ اگر آپ کے فون کے کی بورڈ میں اردو موجود ہے تو آپ اپنا سوال ویسے ہی لکھ سکتے ہیں جیسے کاغذ پر لکھتے ہیں۔ اگر اردو موجود نہ ہو تو فون کی کی بورڈ یا زبان کی سیٹنگز میں جا کر اسے شامل کریں۔
  2. رومن اردو۔ آپ اردو کو انگریزی حروف میں بھی لکھ سکتے ہیں، مثلاً "mujhe ek darkhwast likhni hai"۔ چیٹ بوٹ عموماً اسے اچھی طرح سمجھ لیتے ہیں، کیونکہ انٹرنیٹ پر رومن اردو بہت زیادہ لکھی جاتی ہے۔
  3. اپنی آواز۔ بہت سے فونز میں لکھنے کے بجائے بول کر لکھوانے کی سہولت ہوتی ہے۔ دیکھیں: اردو میں وائس ٹائپنگ اور وائس اسسٹنٹ۔

آپ جس طرح بھی لکھیں، چیٹ بوٹ کو بتا دیں کہ جواب کس رسم الخط میں چاہیے۔ اگر آپ رومن اردو میں لکھ رہے ہیں اور جواب اردو رسم الخط میں چاہتے ہیں تو صاف کہہ دیں۔ اگر آپ کے پاس رومن اردو کا کوئی پیغام ہے جسے اردو رسم الخط میں بدلنا ہے تو ہمارا پرامپٹ رومن اردو پیغامات کو اردو رسم الخط میں بدلیں آزمائیں۔

آسان اردو مانگیں

چیٹ بوٹ کبھی کبھی بہت رسمی اور بھاری اردو میں جواب دیتے ہیں جس میں مشکل الفاظ بھرے ہوتے ہیں۔ آپ آسان زبان مانگ سکتے ہیں۔ اپنے سوال کے ساتھ اس طرح کی کوئی سطر شامل کریں:

  • "سادہ، روزمرہ اردو میں جواب دیں، جیسے گھر کے کسی فرد کو سمجھا رہے ہوں۔"
  • "چھوٹے جملے استعمال کریں۔ مشکل فارسی اور عربی الفاظ سے بچیں۔"
  • "اردو رسم الخط میں لکھیں۔ موبائل، بینک اور فارم جیسے عام انگریزی الفاظ ویسے ہی رہنے دیں۔"
  • "ایسے سمجھائیں جیسے میں یہ پہلی بار پڑھ رہا ہوں۔"

اگر جواب پھر بھی مشکل ہو تو لکھیں: "یہ بہت مشکل ہے، براہِ مہربانی اسے اور آسان کریں۔" آپ جتنی بار چاہیں یہ کہہ سکتے ہیں۔

اردو میں مصنوعی ذہانت کی عام غلطیاں

  • لفظ بہ لفظ ترجمہ۔ اردو ایسی لگ سکتی ہے جیسے انگریزی سے ترجمہ کی گئی ہو: الفاظ کی ترتیب عجیب ہو یا ایسے فقرے ہوں جو کوئی بولتا ہی نہیں۔
  • مذکر مؤنث اور فعل کی غلطیاں۔ چیٹ بوٹ مذکر اور مؤنث کو آپس میں ملا سکتا ہے یا فعل کا غلط صیغہ استعمال کر سکتا ہے۔
  • گھڑے ہوئے یا غلط الفاظ۔ یہ ایسا لفظ استعمال کر سکتا ہے جو موجود ہی نہ ہو، یا اصلی لفظ غلط معنی میں استعمال کر سکتا ہے۔
  • ملے جلے رسم الخط۔ اردو تحریر کے بیچ میں کچھ الفاظ رومن حروف، ہندی رسم الخط یا ٹوٹے ہوئے حروف میں آ سکتے ہیں۔
  • غلط نام اور جگہیں۔ لوگوں، شہروں اور دفاتر کے نام غلط لکھے جا سکتے ہیں یا آپس میں گڈمڈ ہو سکتے ہیں۔
  • پورے اعتماد سے غلط معلومات۔ چیٹ بوٹ اردو میں بھی اتنا ہی غلط ہو سکتا ہے جتنا انگریزی میں۔ دیکھیں: من گھڑت جواب (Hallucination)۔
  • علاقائی زبانوں میں کمزوری۔ پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، سرائیکی اور دوسری علاقائی زبانوں میں مصنوعی ذہانت عموماً اردو کے مقابلے میں کم قابلِ اعتماد ہوتی ہے۔

اردو جواب کو کیسے جانچیں

  1. اسے بلند آواز سے پڑھیں۔ اگر یہ کسی انسان کی بولی ہوئی بات نہ لگے تو ممکن ہے غلط یا مبہم ہو۔
  2. جو لفظ سمجھ نہ آئے اس کا مطلب چیٹ بوٹ سے پوچھیں۔ اگر وضاحت بے معنی لگے تو اُس لفظ پر بھروسہ نہ کریں۔
  3. یہی سوال انگریزی یا رومن اردو میں پوچھیں اور دونوں جواب ملا کر دیکھیں۔ اگر دونوں میں فرق ہو تو کسی قابلِ اعتماد ذریعے سے تصدیق کریں۔
  4. نام، نمبر اور تاریخیں خود جانچیں۔ انہیں جانچے بغیر کبھی کسی درخواست یا فارم میں نقل نہ کریں۔
  5. کسی قابلِ اعتماد شخص سے پڑھوائیں، خاص طور پر کوئی اہم چیز بھیجنے سے پہلے، جیسے کسی دفتر کو خط یا آجر کو پیغام۔

کب مصنوعی ذہانت کی اردو پر بھروسہ نہ کریں

قانونی، طبی یا سرکاری معاملات میں صرف مصنوعی ذہانت پر انحصار نہ کریں۔ درخواست، حلف نامہ، عدالتی کاغذات یا دوا کی ہدایات کے لیے ایسا شخص ضروری ہے جو موضوع جانتا ہو اور اچھی اردو پڑھتا ہو۔ مصنوعی ذہانت کسی دستاویز کو سمجھنے میں مدد دے سکتی ہے، مگر جس کاغذ پر آپ دستخط کریں یا جمع کروائیں، اسے کسی مستند شخص کو ضرور دکھائیں۔

معلومات محفوظ رکھیں

رازداری کے اصول ہر زبان میں ایک جیسے ہیں۔ اپنا شناختی کارڈ (CNIC) نمبر، بینک کی تفصیلات، پاس ورڈ یا دوسروں کی ذاتی معلومات نہ لکھیں، چاہے اردو میں ہو یا انگریزی میں۔

طویل دستاویزات کے ترجمے کے لیے پڑھیں: دستاویزات کا ترجمہ کیسے کریں اور کب نتیجے پر بھروسہ نہ کریں۔