راستہ: فرنٹ لائن اور معاون عملے کے لیے مصنوعی ذہانت (بی پی ایس 1 تا 16) 8 میں سے ماڈیول 3

سادہ خطوط، درخواستیں اور جوابات

سادہ خطوط، درخواستوں اور جوابات کا مسودہ بنانے کے لیے چیٹ بوٹ کا استعمال، اور وہ جانچ جو بھیجنے سے پہلے ضروری ہے۔

آخری نظرثانی: . نظرثانی کنندہ: Muhammad Asadullah.

یہ اردو خلاصہ ہے۔ مکمل ماڈیول انگریزی میں دستیاب ہے۔

یہ کیوں اہم ہے: یاد دہانی، وصولی کی اطلاع، فارورڈنگ خط اور چھٹی کی درخواست جیسے کام اکثر ایک ہی طرز کے ہوتے ہیں۔ چیٹ بوٹ (Chatbot) انہیں جلدی اور صاف لکھنے میں مدد دے سکتا ہے، خاص طور پر انگریزی میں۔ مگر جو خط دفتر سے نکلتا ہے اس پر دفتر کا نام ہوتا ہے۔ چیٹ بوٹ مسودہ لکھتا ہے، درست آپ کرتے ہیں۔

کون سے کام ٹھیک ہیں: مؤدب یاد دہانی، درخواست کی وصولی کی اطلاع، دستاویزات بھیجنے کا خط، اپنی چھٹی کی درخواست، اور کچے نوٹس کو صاف پیراگراف میں بدلنا۔ ایسا کوئی خط چیٹ بوٹ سے نہ لکھوائیں جو فیصلہ کرے، سرکاری مؤقف دے یا شہری کی درخواست رد کرے۔ ایسے خط افسر کی طرف سے آتے ہیں۔

کیسے پوچھیں: اچھے پرامپٹ (Prompt) میں چار باتیں ہوں: خط کی قسم، کس کی طرف سے کس کو (نام نہیں، عہدہ یا دفتر)، کیا کہنا ہے، اور انداز کیسا ہو (مثلاً رسمی، مؤدب، 120 الفاظ سے کم)۔ اصل نام، نمبر اور تاریخ کی جگہ [NAME]، [REFERENCE] اور [DATE] لکھیں اور بعد میں خود بھریں۔ تیار پرامپٹ بھی موجود ہیں: یاد دہانی کا خط اور خط کا جواب۔

بھیجنے سے پہلے ہر مسودہ جانچیں: نام اور عہدے درست ہیں؟ ہر تاریخ، حوالہ نمبر، رقم اور آخری تاریخ آپ کی فائل سے ہو، چیٹ بوٹ سے نہیں۔ کیا چیٹ بوٹ نے کوئی ایسا قاعدہ، دفعہ، فارم یا مدت شامل کی جو آپ نے نہیں بتائی؟ وہ من گھڑت جواب (Hallucination) ہو سکتا ہے، اسے نکال دیں۔ کوئی ایسا وعدہ تو نہیں جو پورا نہ ہو سکے؟ کیا لہجہ مؤدب ہے اور فارمیٹ دفتر کے مطابق ہے؟

دفتر کے اپنے نمونے استعمال کریں: اگر دفتر میں پہلے سے معیاری خطوط موجود ہیں تو وہ عام طور پر چیٹ بوٹ سے بہتر ہوتے ہیں کیونکہ ان کے الفاظ اور فارمیٹ درست ہوتے ہیں۔ چیٹ بوٹ سے صرف کمی پوری کریں یا کچا پیراگراف بہتر کریں۔

مسودہ اور حتمی خط الگ رکھیں: دونوں الگ محفوظ کریں یا کم از کم یاد رکھیں کہ کیا بدلا۔ اس سے آپ کو چیٹ بوٹ کی عام غلطیاں سمجھ آئیں گی اور وقت کے ساتھ آپ انہیں جلدی پکڑ لیں گے۔ کسی سطر پر شک ہو تو بھیجنے سے پہلے کسی سینئر ساتھی یا افسر سے پوچھیں۔